Thu. Aug 5th, 2021

Chairman PEMRA meets Chief Minister Baluchistan

Reported by: Ch. Mudassar Iqbal

چیئرمین پیمراکی گورنر اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات۔ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تبادلہئ خیال

کوئٹہ: 13ستمبر 2019؁ء

چیئرمین پیمرا جناب محمد سلیم بیگ نے آج کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جناب جسٹس (ریٹائرڈ) امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جناب جام کمال خان سے ملاقاتیں کی۔ ان ملاقاتوں میں چیئرمین پیمرا نے پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کی صنعت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہئ خیال کیا اورمیڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل میں مدد پر اظہارِتشکر کیا اور صوبے میں پیمرا قوانین کے نفاذکیلئے بلوچستان حکومت کے تعمیری کردار کو سراہا۔

چیئرمین پیمرا نے غیر قانونی انڈین چینلز، ڈی ٹی ایچ اورانڈین مواد کے خلاف جاری مہم کے بارے میں آگا ہ کیا اور بتایا کہ گذشتہ چندہفتوں میں ملک بھرکے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے دوران سینکڑوں کیبل آپریٹروں کا غیر قانونی انڈین چینلز کی نشریات میں استعمال ہونے والے آلات کو قبضے میں لیکر تلف کیاگیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت اور انڈین چینلزکے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ اس غیر قانونی کاروبارکو مکمل ختم کیا جا سکے جو کہ ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کُن ہیں۔

گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاکستان میں میڈیا انڈسٹری کوبہتربنانے اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی آواز کو پھیلانے کیلئے پیمرا کے تخلیقی کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا نے ہندوستانی پراپیگنڈے کامثبت اندازمیں مقابلہ کیا اور درست معلومات عوام تک بہم پہنچائیں جس سے پاکستانی میڈیا کی ساکھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

اس موقع پرایگزیکٹوممبر پیمرااشفاق جمانی، ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل(ایڈمن) حاجی آدم، جنرل منیجر (آپریشنز/میڈیاو تعلقاتِ عامہ) محمد طاہر و دیگر پیمرا افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔

                                                        (محمد طاہر)
                                         جنرل منیجر(میڈیا و تعلقاتِ عامہ)